ٹرانسپورٹرزپر احتجاج کے دوران فائرنگ تین افراد جاں بحق

350

کراچی : سپرہائی وے کے قریب احتجاجی ٹرانسپورٹر پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق ہائے وے کے قریب کاٹھور لنک روڈ پر احتجاج کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

جاں بحق ہونے والوںکی شناخت رسول، نیاز علی اور سعد ایوب کے نام سے ہوئی۔

ٹرانسپورٹرز کا میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپر ہائی وے پر گاڑیاں روکی گئی تھیں،پیسے دینے والوں کی گاڑیوں کو چھوڑ دیا جاتاہے۔ چیکنگ کے نام پر کبھی ایک روٹ بند کیا جاتا ہے تو کبھی دوسرا۔

ٹرانسپورٹرز کے مطابق5دن سے کھڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ڈرانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی تھی، ہوائی فائرنگ ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے پتھراؤ کیا، پتھراؤ کے بعد کی گئی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈاکٹرپردیپ کے مطابق تینوں افراد کو ایک، ایک گولی لگی جو وجہ موت کا سبب بنی،گولی3سے4فٹ کی دوری سے لگی، گولی کا زخم بظاہر بڑےہتھیار کا لگتا ہے، پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاشیں ایدھی سرد خانے روانہ کردی گئیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری کاٹھور پہنچ گئی جنہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے ایس ایس پی ملیر سے فوری طور پر واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔