حیدرآباد ، گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج

108

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی قاسم آباد کے رہائشیوں نے سوسائٹی میں دو ماہ سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کیخلاف پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت دیگر کالونیوں میں گیس کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر سوئی گیس کمپنی کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ اس موقع پر رہائشی افراد عقار چانڈیو، اقبال جتوئی، شاہد کھوکھر اور دیگر نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے ہمارے علاقے میں گیس انتہائی کم پریشر سے آرہا ہے، اس کے علاوہ کئی کئی گھنٹے گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ صبح بچے اسکول بغیر ناشتہ کے جاتے ہیں اور واپس آکر کھانا ملنے کی امید نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ مکین ہزاروں روپے خرچ کرکے گیس سیلنڈر خرید رہے ہیں، اکثر گھروں میں لکڑی کا استعمال ہورہا ہے، جبکہ ہم گیس کے بل باقاعدگی سے جمع کراتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور ہماری کالونی سمیت آس پاس کی دیگر کالونیوں میں گیس کا پریشر درست کیا جائے اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے بصورت دیگر ہم کمپنی کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے۔