اساتذہ جامعہ کراچی کاریٹائرڈڈائریکٹرز کے تقرر کیخلاف مزاحمت کافیصلہ

135

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جامعہ کراچی کے اساتذہ نے سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹ میں ریٹائرڈ ڈائریکٹر ز کی تقرری کے خلاف بھر پور مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے اورجامعہ کراچی کے سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹ میں انتظامیہ کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف انجمن اساتذہ نے کمیٹی قائم کر دی ہے ، تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹ کی غیر یقینی اور ابتر صورتِحال پر ممبران سینڈیکیٹ ، سینیٹ ، اساتذہ و ملازمین اور سینٹرز و انسٹی ٹیوٹس کے اسٹاف کا غیر معمولی اجلاس گزشتہ روز اسٹاف کلب میں ہوا۔اجلاس میں پیش کی گئی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں ۔ قرارداد کے مطابق جامعہ کراچی میں قائم سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹ کے مروجہ قوانین کو جامعہ ایکٹ 1972ء کی روشنی میں دوبارہ سے مرتب کیا جائے۔HEJاور KIBGEمیں ڈائریکٹرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد غیر قانونی تقرری کو واپس لیا جائے۔ شیخ زید سینٹر میں قائم مقام ڈائریکٹر کی جانب سے بلائے جانے والے بی او جی اجلاس کو روکا جائے کیونکہ قائم مقام ڈائریکٹر کو بی او جی کا اجلاس بلانے کا اختیار نہیں ہے اسی وجہ سے 16اکتوبر کو بلایاجانے والا بی او جی اجلاس غیر قانونی ہوگا۔ قرارداد میں سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اساتذہ ، افسران اور ملازمین کی ترقیوں کے عمل کو جان بوجھ کر تاخیر کا شکار کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔