مصنوعی دل لگانے کے لیے مریضوں تلاش جاری

336

کراچی( پ ر) قومی ادارہ برائے امراض قلب کا لیفٹ وینٹریکل اسسٹ ڈیوائس (ایل ویڈ) پروگرام باقاعدگی سے جاری ہے اور ایل ویڈ ٹرانسپلانٹ کے لیے موزوں مریضوں کی تلاش جاری ہے۔ این آئی سی وی ڈی نے گزشتہ سال ایسے پانچ مریضوں میں ایل ایڈ میکینیکل پمپ لگائے تھے جن کے دل تقریبا ناکارہ ہو چکے تھے ان میں سے دو مریض ابھی بھی بقید حیات ہیں اور بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ترجمان کے مطابق ایل ایڈ ایسے مریضوں میں لگایا جاتا ہے جن کے دل تقریباً ناکارہ ہو چکے ہوں اور ٹرانسپلانٹ کے بعد انہیں ایسی کیئر اور نگہداشت مہیا کی جائے تاکہ وہ سکون کے ساتھ اپنی طبی عمر پوری کر سکیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایل ویڈ ایک ایسی ڈیوائس ہے جسے دل کے ہر مریض کو نہیں لگایا جاتا جبکہ ٹرانسپلانٹ کے بعد ایل ویڈ لگنے والے مریضوں کو کئی ہفتوں تک انتہائی نگہداشت اور طبی نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے انتہائی تربیت یافتہ عملہ درکار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں میں نیم طبی عملے کی تربیت مکمل ہوچکی ہے اور اب مصنوعی دل کی ٹرانسپلانٹ کے لیے موزوں مریضوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ادارے کے پاس 4 ایل ویڈ ڈیوائس موجود ہیں جوکہ دسمبر 2021ء تک کارآمد ہیں۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق ایل ویڈ ڈیوائس چند لاکھ روپے میں مل جاتی ہے لیکن قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ڈیوائس کی تنصیب اور آپریشن بغیر کسی معاوضے کے کیا جاتا ہے۔