بھٹ شاہ، دن دہاڑے چوریاں معمول بن گئیں، چور بے لگام

639

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) گزشتہ دو ماہ سے شہر بھر میں ہونے والی چوریوں کا سلسلہ نا تھم سکا دن دہاڑے چوریاں معمول بن گئیں، چور بے لگام، پولیس غفلت سے نا جاگ سکی۔ بھٹ شاہ اور ہالا میں دن دہاڑے چوری کی چار وارداتیں شہری موٹر سائیکل، نقدی، موبائل اور بکریوں سے محروم چور غریبوں کی چیزوں کو مال غنیمت سمجھ کر لے اڑے، پولیس تاحال چور پکڑنے میں ناکام، پولیس نے شہریوں کو چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، شہریوں کا چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ۔ بھٹ شاہ کے شیخ محلہ اور ہالا کے ارباب محلے سے نامعلوم چور ایوب انصاری اور لالا ارباب کی موٹر سائیکل لے اڑے، دن دہاڑے بھٹ شاہ کے مین شاہی بازارسے اختر راجپوت کے جنرل اسٹور سے ایک لاکھ بیس ہزار، پیر محلے سے شیرل وسان کی چار بکریاں اور بگھیہ محلے سے دیوان انیل کمار کا موبائل فون چوری کرلیا۔ مقامی پولیس چوریوں کی وارداتوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ یاد رہے کہ مسلسل دو ماہ سے شہر بھر کے مختلف علاقوں سے متعدد چوریوں کی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں اور شہری لاکھوں روپے کے قیمتی چیزوں سے محروم ہوچکے ہیں، لیکن پولیس کی جانب سے کوئی بھی خاطر خواہ کارروائی عمل میں نا لائی جاسکی۔ دن دہاڑے ہونے والی چوریوں کی وارداتوں سے شہری شدید خوف میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے چوروں کی فوری گرفتاری اور فرض میں غفلت برتنے والے پولیس عملداروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔