حیدرآباد، تجاوزات عملے نے 20 موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں

149

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ اور ٹریفک پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی ارباب ابرہیم کی سرکردگی میں گول بلڈنگ کے اطراف اور کھوکھر محلہ کی گلیوں میں عیر قانونی تجاوزات اور پارکنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 20سے زائد موٹر سائیکلوں اور درجنوں تجاوزات تحویل میں لے لیں، عدالت عالیہ نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی حیدرآباد کو کھوکھر محلہ اور گول بلڈنگ کے اطراف تمام غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے اور سڑکوں پر موٹر سائیکل کی غیر قانونی پارکنگ روکنے کے احکامات دیے جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے عملے نے بیس سے زائد موٹر سائیکلوں اور درجنوں تجاوزات کو تحویل میں لے لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے علاقے کی تمام چھوٹی بڑی گلیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے سڑکوں قائم موٹر سائیکل مارکیٹ سے پیدا ہونے والے مسائل سے انہیں آگا ہ کیا عدلیہ کے احکامات کے بعد کھو کھر محلہ میں گزشتہ تین ہفتوں سے کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا گیا ہے اور انہدامی کارروائی کے دوران ایک درجن سے زائد غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئی ہیں جبکہ مسمار کی جائے والی غیر قانونی تعمیرات کا ملبہ تاحال نہ اٹھانے کے باعث پورا علاقہ ملبے کا ڈھیر بنا ہوا ہے اور قابضین نے ایک بار پھر وا گزار کرائی گئی سڑک اور سرکاری اراضی پر تعمیرات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کرائیں گے ۔