لیاری میں امراض قلب کے سیٹلائٹ سینٹرنے کام شروع کردیا

118

کراچی (نمائندہ جسارت) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے کراچی میں پہلے اور سندھ میں 9 ویں سیٹلائٹ سینٹر نے کام شروع کردیا۔ سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال میں قائم کیے گئے سیٹلائٹ سینٹر کا افتتاح این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کیا۔ پروفیسر ندیم قمر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے لیاری کے رہائشیوں کو ہارٹ اٹیک کی صورت میں انجیو پلاسٹی کی سہولت گھروں کے نزدیک ہی مہیا کردی گئی ہے‘ اگلے ماہ تک کراچی کے مختلف علاقوں میں 5 مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کریں گے۔ اس موقع پر معروف کارڈیالوجسٹ پروفیسر جاوید اکبر سیال، این آئی سی وی ڈی لیاری سیٹلائٹ سینٹر کے انچارج ملک نصر اللہ، این آئی سی وی ڈی فارمیسی سروسز کے انچارج جبران بن یوسف اور سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر انور پالاری بھی موجود تھے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ لیاری کے سیٹلائٹ سینٹر میں سوائے بائی پاس سرجری کے اس وقت انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، پرائمری پی سی آئی، تمام طرح کے پیس میکرز، ایکو کارڈیوگرافی، ایکسرے اورلیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘ اگر ضرورت پیش آئی تو لیاری کے سیٹلائٹ سینٹر میں دل کی سرجری کی دیگر سہولیات بھی فراہم کر دی جائیں گی۔
سیٹلائٹ سینٹر