لاڑکانہ، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کی فراہمی معطل

108

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب لاڑکانہ اور گرد و نواح میں ہونے والی 28 ملی میٹر بارش کے بعد شہر کے بالائی و نشیبی علاقے میونسپل اسکول روڈ، گرلز کالج روڈ، سبحان اللہ چوک، پیر سرکٹیو روڈ، سوکھی پل و دیگر پر بارش کا پانی کھڑا رہا اور میونسپل عملہ کہیں نظر نہیں آیا، بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بھی بیشتر علاقوں میں بند کردی گئی جس کے باعث کاروباری اور شہری حضرات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب بارش کے باعث شہر کے تجارتی و رہائشی علاقوں میں کئی پرانی عمارتوں کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ شہر کے مرکزی تجارتی مرکز رائل روڈ پر نجی جوتوں کا سینٹر دھماکے سے نیچے آن گرا جس سے قبل ہی اسسٹنٹ کمشنر اقبال تونیو سیپکو کے ایگزیکٹو انجینئر مظفر کھاوڑ اور میونسپل عملے نے پولیس کی مدد سے سینٹر کے اطراف کی دکانیں بند کروا کر روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر اقبال تونیو کا کہنا تھا کہ عمارت کافی پرانی تھی، جسے بارش سے نقصان پہنچا، شکر ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم لاکھوں روپے مالیت کا مالی نقصان ضرور ہوا ہے، متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ پرانی عمارتوں کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی عمل میں لائیں۔