شہر بھر میں جمع بارش کے پانی کی فوری نکاسی کی جائے، عبدالجبار خان

132

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد اور گردونواح میں بارشوں کے باعث جن شہری علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جسے فوری طور پر نکالا جائے کیونکہ پانی جمع رہنے کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے اور ڈینگی پھیل رہا ہے۔ جس کا شکار ہوکر مریض اسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں۔ لہٰذا ضلعی انتظامیہ، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے حکام فوری طور پر اس طرف توجہ دیں اور اس کے خاتمے کا سدباب کریں کیونکہ پہلے ہی حیدر آباد کھنڈر ہوتا جارہا ہے۔ مزید بارشوں سے اور نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود حیدرآباد میں بلاتفریق صحت وصفائی کے کام کروارہی ہے۔ بلدیاتی اداروں کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار کریں۔ گٹروں اور نالوں کی صفائی کی جائے۔ گٹر پر لگے ڈھکن جوکہ کھلے ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ماضی میں سندھ کا خوبصورت ترین شہر ہوتا تھا لیکن اب توجہ نہ دیے جانے کی وجہ سے اس کی خوبصورتی مانند پڑتی جارہی ہے۔