پیپلز پارٹی سندھ میں بھی اپنا مقام کھوچکی، معظم علی عباسی

281

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو نے پی ایس 11 پر جی ڈی اے امیدوار رہنما معظم علی عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، گزشتہ روز انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر معظم علی عباسی کی انتخابی مہم کے حوالے سے کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا، جس میں پی ٹی آئی رہنما ناہید کھاوڑ، سردار جروار سمیت پی ٹی آئی اور جی ڈی اے رہنماؤں و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت نے پی ایس 11 پر جی ڈی اے امیدوار معظم علی عباسی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جس کی انتخابی مہم اپنے ساتھیوں کے ساتھ چلائیں گے۔ پیپلز پارٹی کو گزشتہ عام انتخابات میں اسی حلقے سے بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس مرتبہ پر ضمنی انتخاب میں انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔ پیپلز پارٹی والے نہ صرف لاڑکانہ بلکہ پورے سندھ میں اپنا مقام کھوچکے ہیں وہ کب تک بھٹو کا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بناتے رہیں گے، اب عوام ان لٹیروں کے کرتوت جان چکے ہیں۔ اس موقع پر معظم علی عباسی نے کہا کہ ہمارا نظریہ شہریوں کی بھلائی اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے کیونکہ گزشتہ 12 سال سے یہاں کے شہریوں کے حقوق عضب کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری 14 ماہ سے اپنے حلقے میں نہیں آئے اور اب وہ نوڈیرو میں بیٹھ کر انتخابی مہم چلا رہے ہیں لیکن اس میں بھی انہیں صرف مایوسی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی الیکشن میں جے یو آئی شو چل رہا تھا، جس میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی لیکن لاڑکانہ میں جے یو آئی کا شو پیپلز پارٹی کے مخالف میں چلے گا۔ میرے مخالفوں نے مولانا فضل الرحمن سے بھی لاڑکانہ میں حمایت مانگ لی لیکن ایک بار پھر سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جتنا ٹائم اسمبلی میں رہا عوام کی آواز اٹھاتا رہا لیکن بلاول لاڑکانہ سے مشکل جیتے تھے وہ اس وقت کہاں ہیں؟ عوام کو سمجھنا چاہیے کہ پیپلز پارٹی کے نمائندے صرف ووٹ لینے کے وقت ظاہر ہوتے ہیں، ووٹ لینے کے بعد وہ آپ کو کہیں نظر نہیں آئیں گے۔