ہول سیل مارکیٹ سے ممنوع پلاسٹک بیگز تحویل میںلیے گئے

103

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے دکان داروں کو متبادل دیے بغیر کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی، سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کی ٹیموں نے مختلف بازاروں میں چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، دکان داروں اور عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایک خبر کے مطابق سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ہول سیل مارکیٹ سے بڑی تعداد میں ممنوع پلاسٹک بیگز تحویل میں لے لیے ہیں۔ یہ تمام کارروائی سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیم نے حیدرآباد میں کی اور تاحال استعمال ہونے والی پلاسٹک کی تھیلیاں تحویل میں لے لی ہیں۔ سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے پلاسٹک بیگز کی موٹائی تیس مائیکرون سے کم تھی۔ دوسری جانب بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز کے تاحال استعمال کے خلاف کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں کارروائیاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام تیس مائیکرون سے کم موٹائی کے پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ترک کریں کیوں کہ یہ ہمارے ماحول کو آلودہ کرتے ہیں جب کہ ان کو جلانے سے بھی گریز کیا جائے۔ اس ضمن میں جب ’’جسارت‘‘ نے مختلف دکان داروں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی ایک اچھا اقدام ہے اور یقیناً اس کے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے لیکن اس پابندی سے قبل ایک بھرپور آگاہی مہم چلائی جانی چاہیے تھی۔