نئی سبزی منڈی کے تعمیری کاموں کو جلد مکمل کیا جائے، عباس بلوچ

102

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی صدارت میں ایک اجلاس نئی سبزی منڈی حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ نئی سبزی منڈی حیدرآباد کے تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ اس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم سبزی منڈی کو منتقل کرنے کے مراحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی کی منتقلی کے عمل کو ترجیح دیں۔ انہوں نے حیسکو حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی ہفتے باقی ماندہ ٹرانسفارمرز کے نصب کرنے کو ممکن بنائیں۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کو ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں سبزی منڈی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور جلد منتقلی کے عمل کو ممکن بنائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایگریکلچرل مارکیٹنگ شوکت علی مستوئی نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کو نئی سبزی منڈی میں ترقیاتی کاموں سے متعلق اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہو ئے بتایا کہ سبزی منڈی کے 7 شیڈز مکمل کیے جاچکے ہیں اور کمپاؤنڈ وال کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے جبکہ پینے کے صاف پانی، نکاسی آب سے متعلق کام بھی تقریباً مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد یوسف شیخ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ معتصم عباسی سمیت حیسکو، ورکس اینڈ سروسز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایگریکلچرل اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔