صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا، حاجی عبدالکریم بھمبھرو

122

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) حیدری محلہ کے مین نالے کی صفائی کرانے پر علاقہ مکینوں کا ٹاؤن آفیسر سے اظہار تشکر۔ پورے شہر میں صفائی ستھرائی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا، حاجی عبدالکریم بھمبھرو۔ حیدری محلہ میرواہ گورچانی سے گزرنے والے مین گٹر نالا جب سے تعمیر ہوا ہے اس کی آج تک صفائی نہیں ہوئی تھی گزشتہ روز ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی کے ٹاؤن آفیسر حاجی عبدالکریم بھمبھرو کی ذاتی دلچسپی اور لگن سے اپنی موجودگی میں نالے کی صفائی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ مجھے ایک مہینہ قبل چارج ملا تھا، حکومت مجھے کام کرنے کی تنخواہ دیتی ہے، اسی لیے میں خود بجائے کرسی پر بیٹھنے کے اپنی نگرانی میں شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کی خود نگرانی کرتا ہوں۔ بہت جلد شہریوں کے تعاون سے میرواہ گورچانی شہر کو میرپور خاص ڈویژن کا صاف ستھرا اور ایک رول ماڈل شہر بنا دیں گے۔ حیدری محلہ کے مکینوں ملک ندیم، رانا عاشق اور دیگر نے شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے پر مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔