_14اسپتالوں میں روزانہ 14ہزار مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے،میئر

153

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 14 اسپتالوں میں روزانہ 14 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی معائنہ اور علاج کی سہولت مہیا کی جاتی ہے جبکہ 120 افراد کے روزانہ مفت ڈائیلائسزکیے جاتے ہیں جبکہ قرنیہ کی پیوندکاری کے ساتھ آنکھوں کے علاج کی جدید سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں، مڈ وائفری اسکول میں مزید سہولتوں کی فراہمی اور نرسنگ اسکول کو کالج کا درجہ دینے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر کی صدارت بدھ کو کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقدہ میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 10کروڑ روپے مالیت کی ادویات اور آلات طب خریدے گئے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، میٹروپولیٹن لیبارٹری اور فارمیسی قائم کرنے کے پروگرام کو حتمی شکل دے رہی ہے، اجلاس میں ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، چیئرمین فنانس کمیٹی زاہد محموداور دیگرنے شرکت کی۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں،رواں مالی سال کے دوران اے ڈی پی کے تحت ترقیاتی کاموں کے ذریعے اسپتالوں میں ضروری آلات و مشینری کی فراہمی اور تعمیر و مرمت کے کام انجام دیے جائیں گے، کے ایم سی اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت تیکنیکی عملے کی کمی کو دور کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے، اجلاس کے دوران میئر کراچی نے فرداً فرداً تمام اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹس سے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج کے لیے آنے والے مریضوں کی بابت دریافت کیا۔