حکومت کی پالیسیاں تعلیم دوست نہیں، اسلامی جمعیت طلبہ

81

ڈگری (نمائندہ جسارت) اسلامی جمعیت طلبہ میرپورخاص ڈویژن کے رہنماؤں حافظ منصور السلام، طلحہ جٹ، افروز احسن اور شہباز احمد نے ’’پہچان پاکستان مہم‘‘ کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہچان پاکستان کے تحت کشمیر بنے گا پاکستان تعلیم سے تعمیر پاکستان، تعلیم کے لیے جی ڈی پی میں اضافے کی مہم شروع کی جائے گی۔ ڈگری پریس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ کے ذہنوں میں کشمیر کی اہمیت اور کشمیر ہماری شہ رگ کے نظریے کے فروغ کے لیے پوری طاقت سے کوشش کی جائے گی۔ طلبہ کی تربیت اور نظریاتی فکری تربیت کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ مقررین کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں تعلیم دوست نہیں ہیں، پہچان پاکستان مہم میں تعلیم کے جی ڈی پی میں سے چار فیصد حصہ مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پہچان پاکستان میں میرپورخاص ڈویژن میں اپنے شعبہ جات میں اہم کردار ادا کرنے والوں کو بھی ایوارڈ دیے جائیں گے۔