بلدیہ جنوبی میں چارجڈ پارکنگ مافیا ایک بار پھر سرگرم

147

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)بلدیہ جنوبی میں چارجڈ پارکنگ مافیاایک بار پھر سرگرم ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق تجاوزات،بغیر اجازت سڑکوں کی کھدائی ،پانی، سیوریج کے ناجائز کنکشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے،بلد یہ جنوبی کی اعلیٰ شخصیات کی ایما پر تمام غیر قانو نی کام کیے جارہے ہیں،غیر قانونی طور پر عدالت عظمیٰ اور ہائی کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کلرک کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا چارج دیا گیا،پھر چارج واپس لینے کا آرڈر کیا گیا۔دباؤ آنے پر دوبارہ کلرک کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا،ذاتی پسند ناپسند پرٹرانسفر پوسٹنگ کی جارہی ہے،کام کرنے والے ملازمین اور افسران کو ناجائزطور پر تنگ کر نے کی شکایت بھی موصول ہورہی ہے،غیرقانونی طور پر معطل تک کیا جارہا ہے،لائٹ ہاؤس ،سول اسپتال، ایس آئی یو ٹی اور دیگر علاقوں میں برائے نام ادائیگی کر کے غیرقانونی طور پر اضافی پارکنگ وصول کی جارہی ہے۔مبینہ طور پربھتے کے عوض تجاوزات قائم کی جارہی ہیں،بھتا نہ دینے والوں کا سامان دکانوں کے اندرسے بھی اٹھالیا جاتا ہے،ملازمین نے سجن یونین کی قیادت پر دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان سے عدالت میں ان بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، چیئرمین بلدیہ جنوبی کراچی کے خلاف احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔