ٹنڈو آدم پولیس نے شہر کو سماج دشمنوں کے حوالے کردیا، سلطان خاصخیلی

171

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ٹنڈو آدم کے رہائشی سیاسی و سماجی رہنما سلطان خاصخیلی نے ٹنڈو آدم پولیس کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹنڈو آدم پولیس نے شہر کو سماج دشمنوں کے حوالے کردیا ہے، بی سیکشن تھانہ اور آس پاس کے علاقوں میں زہریلا گٹکا سرعام فروخت ہورہا ہے۔ پولیس سما ج دشمنوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے بھتا خوری کرنے میں مصروف ہے مگر ایس ایس پی سانگھڑ اور بالا افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ایس ایس پی سانگھڑ نے بھی ان سماج دشمنوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کرلی ہے جبکہ زہریلا گٹکا ماوہ استعمال کرنے سے کئی نوجوان فوت ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں اِس وقت منہ کے کینسر کے سبب زیر علاج ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ اور تمام بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹنڈو آدم میں سماجی برائیوں کیخلاف آپریشن کرکے مین ڈیلروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے اور نوجوان نسل کوکینسر جیسے موذی مرض سے بچایا جائے۔