بیگم کلثوم نواز نے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے آمریت کو للکارا

212

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدر آباد ڈویژن کے زیر اہتمام مادرِ جمہوریت کلثوم نواز کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی اجلاس میں مادر جمہوریت، جنوبی ایشیا کی تاریخ ساز شخصیت بیگم کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جمال عارف سہروردی نے کہاکہ وہ جمہوریت کی جان اور اس کی روح رواں تھیں، جب تک سورج طلوع ہوتا رہے گاکلثوم نواز کی جدوجہد پاکستانی اُفق پر تابندہ رہے گی۔انہوں نے نواز شریف ، مریم نواز سمیت شریف خاندان کو حوصلہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے حالات کا جواںمردی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اور جابر احسان فراموش مشرف نے مسلم لیگ (ن) کی مقبول حکومت کو بندوق کی نوک پر ہائی جیک کیا اور نواز شریف کو گرفتار کیا تو کلثوم نواز جمہوریت کے لیے میدان عمل میں رواں دواں تھیں۔ انہوں نے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے آمریت کو للکارا بلکہ جمہوریت کے تسلسل کے لیے مضبوط آواز بن کر اُبھریں۔ انہوں نے مشرف کی آمریت کے کٹھن دور میں مسلم لیگ (ن) کو جلا بخشی، تین بار خاتون اول رہنے والی کلثوم نواز ایک طویل عرصے بیماری میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہاری گئیں۔ جمال عارف سہروردی نے کہا کہ یہ عظیم المیہ ہے کہ شوہر نواز شریف، بیٹی مریم نواز کلثوم نواز کی خدمت نہ کرسکے کیونکہ وقت کے فرعونوں نے ایک سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل قرار دیا اور پارٹی صدارت سے بھی ہٹادیا گیا لیکن ان لوگوں کو نہیں معلوم کہ نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں، بیمار کلثوم نواز کو چھوڑ کر نواز شریف اور مریم نواز پاکستان کے عوام کی خاطر ملک میں آئے اور انہیں اڈیالہ جیل قید کرلیا گیا اور قید کی حالت میں بیگم کلثوم نوازکی موت کی اطلاع ملی جو کہ نواز شریف اور مریم نواز کو عظیم صدمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز نے جمہوریت کی بقا کے لیے جو چراغ روشن کیا ہے پاکستان کے ایک ایک بچے کے ہاتھ میں جگمگاتا رہے گا اور وقت ثابت کردے گا کہ سی پیک منصوبے کیخلاف کئی گئی ایک سازش کے تحت نواز شریف کو اقتدار سے نکالا تھا اور سراسر ناانصافی پر مبنی تھا، ریت کی دیوار پر قائم حکومت زیادہ عرصے نہیں رہ سکتی۔ اس موقع پر راجا غضنفر علی، عثمان قریشی، نوید شیخ، حنان عثمانی، بلال شیخ، علی مصطفی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔