حکمران حسینی کردا ر ادا کرکے کشمیریوں کی مدد کریں،صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

174

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے پکا قلعہ حیدرآباد میں شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کادرس یہ ہے کہ شہدائے کربلا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی داد رسی کی جائے۔ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جس عظیم مقصد کے لیے قربانی دی تھی اسے پورا کرنے کوامت مسلمہ متحد ہو کریزید صفت حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق بلند کرے۔پاکستان میں حقیقی ریاست مدینہ کا نظام نافذ کرنے کے لیے حکمراںعملی اقدامات کریں۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کربلا کے میدان میں حق وصداقت کی عظیم تاریخ رقم کر کے قیامت تک آنے والے مسلمانوں کیلیے راہ متعین کردی کہ جب بھی دین کی بقاء کا مسٔلہ درپیش ہو،اسلام کی حرمت کے تحفظ کا معاملہ آجائے ، اسلام کا تمسخر اڑانے والے حکمراں تم پر مسلط ہوجائیں تو حسینیت کے علمبردار بن کر یزیدیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریںاور اس عظیم مقصد کے حصول کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر میں پھر کربلا برپا ہے8لاکھ سے زائد بھارتی فوجیں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں ،مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیاہے ۔کشمیری مسلمان ماؤں بہنوں کی عزتیں تار تار کی جارہی ہیں معصوم بے گناہ بچوں کو موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے ۔نوجوانوں بزرگوں کو پابند سلا سل کردیا گیا۔ایک ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذہے۔ مودی کے ظالمانہ اقدامات سے یزیدیت بھی شرما گئی ہے۔ وقت آگیا ہے پاکستان کے حکمراں حسینی کردار ادا کرتے ہوئے کشمیر کے مسلمانوں کی مدد کریں اور جدوجہد آزادی میں شامل ہو کر بھارتی درندگی کے خلاف جہاد کا اعلان کریں۔ کانفرنس سے علامہ سید عقیل انجم قادری ، علامہ راحیل سہرودری ،علامہ محمد محسن امینی،علامہ محسن رضا،علامہ ارشاد نقشبندی ،امام الدین نقشبندی ، قاضی سلیمان ڈاکٹر محمد یونس دانش ،ناظم علی آرائیں محمد ناصر قادری ،محمد اسلم خان ،محمد رضوان شیخ ڈاکٹر عارف اللہ شاہ ،محمد عارف قائم خانی نے بھی خطاب کیا۔
صاحبزادہ ابو الخیر