ظلم کیخلاف کربلا سے بڑھ کر قربانی کی کوئی تاریخ نہیں، اسد رضا

127

کھڈرو (نمائندہ جسارت) شہدا کربلا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اسد رضا پٹھان، ذاکر اہِل بیت ارشاد احمد جتوئی، خضر عباس توکل نے کھڈرو میں غازی چوک پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ظلم کیخلاف اس سے بڑھ کر قربانی کی کوئی تاریخ نہیں، دنیا میں آج پھر ظلم کا نظام ہے، جسے ختم کرنے کی لیے حسینی کردار کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ماتمی جلوس انجمن حیدری کے سرپرست چودھری انور علی حیدری، فرمان علی حیدری کی نگرانی میں مرکزی امام بارگاہ سید گل شاہ بخاری سے بر آمد ہوا جو مقررہ راستوں تھانہ روڈ ، پریس کلب روڈ سے ہوتا ہوا مین بازار پہنچا جہاں سیکڑوں ماتمی انجمنوں کے عزادارن نے ماتم ، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔ اس موقع پر چیئرمین ٹائون کمیٹی رحیم بخش ماری اور ٹائون انتظامیہ کے اہلکاروں، رینجرز اہل کار، محکمہ کے ڈاکٹرز کی ٹیم ایمبولینس سمیت جلوس کے ساتھ رہی، جبکہ ایس ایس پی ضلع سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی نے خصوصی طور پر جلوس میں شرکت کی اور سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انجمن حیدری کے سرپرست چودھری انور علی حیدر نے ایس ایس پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ ڈی ایس پی عطا محمد ڈاہری، ایس ایچ او رائو واجد علی اسپیشل برانچ کے صادق ہنگورو کا انہیں بھر پور تعاون حاصل ہے۔ شہریوں کی جانب سے جلوس کے راستے پر سبیلوں اور لنگر و نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بعد ازاں جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے گل شاہ بخاری پر ختم ہوا۔