نواز شریف نے ہر طرح کی ڈیل کو مسترد کردیا، شاہ محمد شاہ

101

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدرسید شاہ محمدشاہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف نے ہرطرح کی ڈیل کومستردکردیاہے، سرکاری مشینری مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف گھٹیا اور زہر یلا پروپیگنڈا کر رہی ہے ،ناکام اور نالائق وزیر اعظم اس قابل ہی نہیں ہیں کہ ان سے کوئی بات کی جائے۔مسلم لیگ ہائوس کر اچی میںگزشتہ روز صوبائی عہدیداران اور ضلعی عہدیداران کا اجلاس صوبائی صدرسید شاہ محمد شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئرنائب صدر علی اکبرگجر،قائم مقام جنرل سیکرٹری چودھری طارق سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید شاہ محمدشاہ نے کہاکہ میا ں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ایک ہیں اوران کا موقف بھی ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) اپنے قائد نواز شریف کے حکم پرآزادی مارچ میں مولانافضل الرحمن کا بھرپورساتھ دے گی۔ پاکستان مسلم لیگ اے پی سی کے تمام فیصلوں پر کار بند رہے گی اور مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں ۔انہوں نے جو بھی پروگرام دیا ان کے ساتھ ہوں گے ۔آزادی مارچ سے ہٹلرثانی عمران خان کا بوریا بستر گول ہوجائے گا۔