وقت کے یزید نے کشمیر و فلسطین کو کربلا بنادیا، حافظ ادریس

117

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ آج کے یزید نے کشمیر اور فلسطین کو کربلابنا دیا ہے،جو لوگ اس ظلم پر خاموش ہیں وہ یزیدی نظام کے حامی ہیںاور کوفیوں کا کردار ادا کررہے ہیں، یوم دفاع کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہیں اورملک و ملت پر کوئی آنچ نہ آنے دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے ملک و ملت کے لیے سرمایہ افتخار ہیں اور ہم شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ 65اور 71کی جنگوں میں قربانیاں دینے والے ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایمان کی قوت ہے ،اسلحے کی قوت سے ایمان کی قوت کو شکست نہیں دی جاسکتی ہمیشہ ایمان کی قوت کو فتح و نصرت سے سرفراز کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جذبہ جہاد سے سرشار کشمیریوں نے آج تک بھارت کی بالا دستی کو قبول نہیں کیا۔بھارت نے ظلم وجبر کا ہر ہتھکنڈہ آزمالیا ہے ۔بھارت کی 15لاکھ فوج نے کشمیر کو گھیررکھا ہے ۔33دنوں سے کشمیری خوراک ادویات اور پینے کے پانی تک سے محروم ہیں مگر ان کے حوصلے جوان ہیں۔
حافظ ادریس