صنعتی ترقی میں مزدوروں کی فلاح ہے، سعید غنی

416

رپورٹ:قاضی سراج

NILAT۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف لیبر ایڈمنسٹریشن ٹریننگ نے 21 اگست 2019ء کو اپنے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کی ایوارڈنگ اور گولڈن جوبلی تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی سعید غنی صوبائی وزیر محنت تھے۔ اس موقع پر عبدالرشید سولنگی سیکرٹری لیبر، کمشنر سیسی کاشف گلزار شیخ، مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی اور معزز شخصیات جن میں ٹریڈ یونین کے نمائندگان، ایمپلائرز کے نمائندگان، میڈیا کے نمائندگان، حکومت کے اعلیٰ افسران، فیکلٹی ممبران اور ڈپلومہ کے شرکائے کورس نے شرکت کی۔ قاری اکبر حسین نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا۔ جبکہ سید افراز حسین نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ مہمان خصوصی سعید غنی نے نیلاٹ کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور نیلاٹ کی کارکردگی کو سراہا کہ نیلاٹ نے اب تک 2 ہزار سے زائد طلباء کو پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور تقریباً 8 ہزار سے زائد طلباء کو شارٹ کورسز کی تربیت فراہم کی ہے۔ انہوں نے تربیت کی اہمیت خصوصاً لیبر لاز اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی میں مزدوروں کی تربیت کی اہمیت اور اہم مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اور یہ یقین دلایا کہ حکومتی سطح پر محکمہ محنت مزدوروں کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گی۔ سعید غنی نے نیلاٹ کے ڈائریکٹر جنرل شیخ امتیاز علی، ڈائریکٹر نورالہادی، اسٹاف، فیکلٹی ممبرز اور خصوصاً Guest Speakers کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ جن مشکل حالات میں اس ادارے نے ترقی کی منزلیں طے کی ہیں وہ دوسرے اداروں کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔ سعید غنی نے نیلاٹ کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ اُن کے جو بھی مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ شرکائے کورس کو تلقین کی کہ وہ اپنے علم سے فائدہ اٹھا کر اپنے دیگر ساتھیوں تک بھی یہ معلومات پہنچائیں۔ سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ اُن کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں اور مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے جو کچھ ان سے ہوسکا وہ ضرور کریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ وہ مزدوروں کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور برادری حقوق کے حصول کے ساتھ ساتھ کارخانوں کی پیداوار بھی بڑھائیں۔ صنعتوں کے فروغ میں مالک اور مزدور دونوں کا فائدہ ہے۔
شیخ امتیاز علی ڈائریکٹر جنرل نیلاٹ نے کہا کہ نیلاٹ ڈپلومہ کورسز کے علاوہ سہ روزہ اور ہفت روزہ قلیل المعیاد کورسز بھی بڑی کامیابی سے چلا رہا ہے جس میں خصوصی بڑی تعداد میں سرکاری اور نجی اداروں سے ورکرز، ٹریڈ یونین اور آجروں کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ اور اب تک نیلاٹ اٹھانویں ہزار سے زائد افراد کو تربیت فراہم کرچکا ہے۔ اس کے علاوہ نیلاٹ اب تک دو ہزار سے زائد افراد کو اپنے اس ڈپلومہ کورس کے ذریعے تربیت فراہم کرچکا ہے جن میں سے بیشتر ملک کے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ مجھے یہ بات بتاتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے کہ نیلاٹ سے فارغ التحصیل طلباء نے صنعتی تعلقات کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ڈپلومہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بڑے بڑے ادارے نہ صرف کرتے ہیں بلکہ ان ڈپلومہ ہولڈرز کو اضافی انکریمنٹ اور ترقی بھی دیتے ہیں۔ جس میں PIA، پاکستان اسٹیل ملز، پورٹ قاسم اتھارٹی، کراچی شپ یارڈ، کراچی الیکٹرک، واپڈا، ہینو پاک موٹرز کمپنی، سنگر پاکستان اور ٹپال ٹی کمپنی جیسے ادارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ واپڈا کے شعبہ صنعتی تعقلات میں ترقی کے لیے نیلاٹ کا ڈپلومہ لازمی قرار پایا ہے۔ اس کے علاوہ نیلاٹ ان اداروں کی درخواست پر ان کے اپنے ادارے میں ملازمین کی تربیت کا اہتمام بھی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان آرمی آرڈیننس اسکول، ملیر کینٹ کے لیے بھی اسپیشل کورسز کرتا ہے جس میں 25 سے 30 میجر اور کرنل رینک کے افسران تربیت حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے شرکائے کورس کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید ترقی یافتہ علوم و فنون اور فنی مہارت کا دور ہے۔ حتیٰ کہ انتظامی امور میں بھی اب فنی علوم کا استعمال ناگزیر ہوچکا ہے۔ مثلاً کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرونک، الیکٹریکل آلات سے استفادہ کیے بغیر کسی ادارے کے منتظمین بھی اپنے انتظامی امور بطریق احسن انجام نہیں دے سکتے۔ لہٰذا اس فنی دور و مسابقت میں آپ کی بقا اور ترقی ان فنی آلات و علوم سے بھرپور استفادہ کرنے ہی میں مضر ہے۔ آپ سب کو میرا مخلصانہ مشورہ ہے کہ اس سلسلے میں محنت اور لگن سے کام کرکے اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں۔
نورالہادی ڈائریکٹر نیلاٹ نے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کی رپورٹ پیش کی اور کورس کے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈپلومہ کورس اور شارٹ کورسز سے متعلق ضروری تفصیلات اور اس کی اہمیت سے شرکائے تقریب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلاٹ کے ڈپلومہ کورس سے
تربیت حاصل کرنے والے آج نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی اہم عہدوں پر فائز ہیں اور اپنے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔ SRG لا ایسوسی ایٹ کے ڈاکٹر سعید حامد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ 48th پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کے گولڈ میڈلسٹ قرار پائے اور محترمہ عائشہ ناز نیلاٹ کے 51st پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کی گولڈ میڈلسٹ قرار پائی۔ ڈاکٹر سعید حامد نے نیلاٹ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے شرکائے تقریب کو بتایا کہ اس ڈپلومہ کے ذریعے انہیں عملی میدان میں بہت زیادہ مدد اور کامیابی ملی۔ خاص طور سے انہوں نے نیلاٹ ڈپلومہ کے ریسرچ اسٹیڈی ٹور کی تعریف کی جس میں انہوں نے ملک کے مختلف صنعتی اداروں کا تعلیمی دور کیا۔ جس سے انہیں عملی طور پر ان اداروں کی کارکردگی کو سمجھنے میں بہت مدد ملی۔ آخر میں انہوں نے نیلاٹ کی انتظامیہ اور اپنے اساتذہ کرام کے رویہ کی تعریف کی جس کی بدولت انہیں بہترین ماحول میں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا۔ محترمہ عائشہ ناز نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔
پیپلز لیبر بیورو کے رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ سعید غنی حکومت سندھ کے اسٹار وزیر ہیں۔ مزدوروں کو سعید غنی پر فخر ہے۔ انہوں نے نیلاٹ کی کارکردگی کو سراہا۔تقریب کے آخر میں نیلاٹ کے ڈپلومہ کے پوزیشن ہولڈرز میں گولڈ میڈل جبکہ نیلاٹ کے کامیاب شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمانان گرامی اور اساتذہ کرام کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب میں 600 سے زائد معزز شخصیات جن میں ٹریڈ یونین کے نمائندگان، ایمپلائرز کے نمائندگان، حکومت کے اعلیٰ افسران، میڈیا کے نمائندگان، نیلاٹ کے موجودہ اور سابق افسراان، فیکلٹی ممبران اور ڈپلومہ کے شرکائے کورس نے شرکت کی۔