امکانی سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے انتظامیہ مستعد ہے

172

میہڑ (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ میں پانی سطح بلند، کچے کے علاقے میں اسسٹنٹ کمشنر میہڑ نے ریونیو عملدار اور تپیداروں کے ساتھ آر ایس بند نئوں گوٹھ کا دورہ کر کے امکانی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میہڑ کے کچے کے علاقے میں نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں کی جانب سے چلائی گئی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند نے ریونیو عملدار تپیدار بخشل لانگاہ اور فضل اللہ کے ہمراہ آر ایس نئوں گوٹھ بند کا دورہ کیا اور امکانی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند نے نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کے 3 حصے ہیں جس میں واہڑ، مارڑی اور چھنڈڑ شامل ہیں جبکہ اس وقت دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث پہلے حصے واہڑ میں پانی پہنچا ہے۔ پانی کی سطح میں بلندی کے باعث بھنڈ ماڑی اور نئوں گوٹھ کے کچے کے علاقے میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس وقت ڈوکری تحصیل کے گاؤں دین پور تک پانی پہنچا ہے۔ صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے، محکمہ ریونیو، آبپاشی، صحت اور زراعت کے ملازم اور حدود کے تپیدار امکانی سیلاب کی لیے ہر وقت الرٹ ہیں۔ امکانی سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔