فوٹو گرافی حسین لمحات کو محفوظ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، جابر احمد

424

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) فوٹو گرافی حسین لمحات کو محفوظ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ بات عالمی یوم فوٹو گرافی کے موقع پر میرپورخاص فوٹو گرافر ایسوسی ایشن کے تحت تقریب سے ممتاز سماجی رہنما جابر احمد مجید، سابق صدر شیخ عاشق علی اور سمیع اللہ خان نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فوٹو گرافی ایک آرٹ ہے، جس نے گزشتہ دو صدیوں سے دنیا بھر میں اپنی اہمیت کا لوہا منوایا ہے، جبکہ دنیا بھرمیں پرنٹ والیکٹرانک میڈیا بھی فوٹو گرافی کے بغیر مکمل نہیں سمجھا جاتا ہے، کیونکہ تصاویر وعکس بندی سے خبر کی حقیقت وسچائی قارئین پر واضح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح فوٹو گرافی نے بھی وقت کے ساتھ ساتھ بڑے نشیب وفراز دیکھے اور جس نے جدید تحقیق سے استفادہ کرکے ترقی کے ہمقدم رہنے کی جدوجہد کی اس نے کامیابی حاصل کی اور آج ہر شخص اپنے موبائل کو کیمرے کے بغیر پسند نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم فوٹو گرافی منانے کا بنیادی مقصد لوگوں کو تصویر کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر فوٹو گرافی کا 186ویں سالگرہ کا کیک کاٹ کر مبارکباد دی گئی۔ تقریب میں فوٹو گرافروں کے علاوہ پرنٹ والیکٹرانک سے وابستہ فوٹو جرنلسٹ ملک یٰسین چوہان، رئیس شاہین سمیت معزز شہریوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔