سرسبز پاکستان مہم کے حوالے سے محکمہ جنگلات کا آگاہی کیمپ

150

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سرسبز پاکستان مہم کے حوالے سے محکمہ جنگلات سندھ کی جانب سے پریس کلب کے باہر آگہی کیمپ لگایا گیا۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے ضلعی افسر حسنین رضا، سوشل فاریسٹ آفیسر غلام حسین شاہ، عارف علی ودیگر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے سرسبز پاکستان مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ شہریوں اور صحافیوں کو ایک روپے میں ایک پودا دیا جارہا ہے تاکہ حیدر آباد کے شہری کم قیمت پر پودے خرید کر اپنے گھروں کے سامنے پودے لگائیں تاکہ ماحول کو صاف رکھنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات سندھ کی جانب سے جنگلات کی بحالی کے لیے تیزی کے ساتھ کام ہورہا ہے۔ جنگلات پر بااثر افراد نے قبضہ کر رکھا ہے، ان کیخلاف آپریشن کیا جارہا ہے، جلد ہی جنگلات کی زمینوں پر سے مکمل طور پر قبضہ ختم کراکے پودے لگا کر جنگلات کو بحال کردیا جائے گا۔ اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے پریس کلب میں پودا لگا کر سرسبز پاکستان مہم کا آغاز کیا۔