جموں و کشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، سید صلاح الدین

485

مظفر آباد: حزب المجاہدین  کےسربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ خوف و دھشت اور جنگی ماحول قائم کرکے،جموں و کشمیر کی تاریخی اور زمینی حقائق کو تبدیل اور وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ریاستی عوام بلا لحاظ پارٹی ،علاقائی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر فسطائی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوجائیں ۔

تفصیلات کے مطابق

سید صلاح الدین نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ شدت پسند مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں خوف و دھشت اور جنگی ماحول کا سماں پیدا کیا ہے ۔8لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود ہزاروں مذید فوجی اور نیم فوجی ریاست میں لائے جارہے ہیں ۔ریاستی پولیس کو غیر مسلح ، یاتریوں اور سیاحوں کو فوری طور پر ریاست سے نکلنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ جنگی ماحول کی آڑ میں غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم سازش تیار کیجارہی ہے ۔ ریاستی عوام متحد اور منظم ہوکر اس سازش کو ناکام بنانے میں ہر ممکنہ کردار ادا کریں گے ۔

حزب المجاہدین  کےسربراہ نے حکومت پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے اپنی روایتی نیم جان اور معذرت خواہانہ اپروچ ترک کرکے ،بھارتی سازش اور نہتے کشمیری عوام کے خلاف بھارتی ظلم و جبر کو روکنے کیلئے عالمی برادری کو مجبور کرے۔ اپنے سفارتی اورسیاسی محاذ کو جنگی بنیادوں پر متحرک کرے اور عالمی برادری کو بالعموم اور عالمی طاقتوں کو بالخصوص اپنا کردار ادا کرنے پر راغب کرے ۔بصورت دیگر تاریخ معاف نہیں کرے گی۔