علاقائی و عالمی مسائل سے نمٹنے کیلیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے، صدر مملکت

139

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غربت، موسمیاتی تبدیلی، صحت و تعلیم، آبادی میں اضافہ سمیت علاقائی و عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ درپیش چیلنجز سے مؤثرانداز میں نبردآزما ہونے کے لئے جمہوریت اور پارلیمان کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن ایشیا ریجن عالمی تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، یہ کانفرنس خطے سے غربت سے خاتمے اور پائیدار ترقی کے حصول میں معاون ثابت ہو گی، مختلف ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے عوامی خواہشات کو مد نظر رکھا جائے، پاکستان سمیت خطے کا مستقبل روشن ہے۔منگل کو پانچویں دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن ایشیا ریجن کانفرنس 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیاء کے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے یہ کانفرنس انتہائی اہم ہے۔ اس کانفرنس کو منعقد کرنے کا مقصد غربت کا خاتمہ، پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول اور نوجوانوں کی شمولیت ہے۔ اس کانفرنس کے انعقاد پر سپیکر قومی اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ علاوہ ازیںبھارت میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر معین الحق سے ایوان صدر میںگفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کی روشنی میں پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات پرامن بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعمیری رابطہ کاری کے ذریعے پاکستان خطے میں امن و خوشحالی لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔