خواتین کے لیے نادرا میگا سینٹر بنانے کی ضرورت ہے،سید عبدالرشید

155

کراچی (پ ر) روشنیوں کے شہر کراچی کے اندر ایک ایسا نادرا میگا سینٹر ہونا چاہیے، جو صرف خواتین کیلیے مختص ہوِ، جہاں 24 گھنٹے خواتین کے شناختی کارڈ کی فراہمی کیلیے سہولت کاری کی جاتی ہو۔ یہ بات جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے ڈی ایم سی آفس جنوبی میں وومن میڈیا سینٹر کی جانب سے منعقد کردہ ایڈووکیسی ایونٹ میں خطاب کے دوران کہی۔ رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ اس وقت تک ہم کوئی ہدف حاصل نہیں کر سکتے، جب تک اداروں اور عام افراد کے درمیان شفافیت اور اعتماد کی فضا قائم نہیں ہوتی۔ وومن میڈیا سینٹر کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وومن میڈیا سینٹر کی مخلص ٹیم کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور ڈی وی ای سی کے چیئرمین محمد سمیع اللہ نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ذمے داری ہے کہ خواتین کیلیے شناختی کارڈ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلیے گلی گلی آگاہی مہم اور عوامی فورمز کا انعقاد کیا جائے، تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ جنوبی میں پانچ لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز ہیں اوران میں سے ہزاروں خواتین اپنی قومی شناخت سے محروم ہیں، اس صنفی فرق کو ختم کرنا ہے اور یہ شناختی کارڈ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جماعت اسلامی کے نمائندے طاہر اکبر نے سیمینار میں بااثر افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جنوبی میں 9000 خواتین ایسی ہیں، جو شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے حق رائے دہی سے محروم ہیں۔