عوام کو امن و امان فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے، امیر سعود مگسی

169

سجاول (نمائندہ جسارت) عوام کو امن و امان فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔ چوری اور ڈکیتی کے واقعات مکمل طور پر ختم کرچکے ہیں، گٹکا فروشوں سے نمٹنے کے لیے پلاننگ کر رہے ہیں، قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سجاول کیپٹن ریٹائر امیر سعود مگسی نے پریس کلب سجاول میں ان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے سجاول ضلع میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، اسی طرح پولیس کو بھی کافی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سجاول ضلع میں آج تک پولیس لائن نہیں ہے، ایس پی آفس نہیں ہے، پولیس نفری جہاں ڈیڑھ ہزار کی ضرورت ہے، وہ صرف 450 ہے، پھر بھی سجاول ضلع میں اپنے لیے چیلنج سمجھ کر کام کررہے ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے سجاول ضلع میں امن و امان قائم کرکے ماضی کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ایس پی سجاول ریٹائر کیپٹن امیر سعود مگسی کے علاوہ سینئر پولیس آفیسر ڈی ایس پی گل عباس مغل بھی شریک ہوئے۔ مہمانوں کی آمد پر سندھ کی روایت کے مطابق انہیں اجرک کے تحائف پیش کیے گئے۔