نسیم نگر تھانے کی پولیس کی زیادتی کیخلاف قاسم آباد کے مکینوں کا احتجاج

167

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گوٹھ طاہر سومرو قاسم آباد حیدرآباد کے رہائشی افراد نے نسیم نگر تھانے کی پولیس کے مظالم کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے گھروں پر بلا جواز چھاپے، خواتین اور بچوں پر تشدد کرنے کا فوری نوٹس لے کر واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے، لوٹا ہوا سامان برآمد کرکے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر سہیل سومرو، منیر سومرو، شکیل سومرو ودیگر نے بتایا کہ کچھ روز قبل نسیم نگر تھانے کی پولیس نے گوٹھ طاہر سومرو میں محمد اسلم سومرو کے گھر پر چڑھائی کرکے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں پر تشدد کیا جبکہ موقع پر موجود زین کھوسو اور موسیٰ سومرو نے ان کے مظالم کی وڈیو بنانے کی کوشش کی تو نشے میں دھت پولیس اہلکار قادر بخش اور شیراز پنہور نے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور موبائل چھین لیے۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی حیدر آباد سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر گھر پر چڑھائی، خواتین اور بچوں پر تشدد کے معاملے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔