وزیر اعظم نے امریکی صدر کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑا، عمران قریشی

133

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد 70 سال میں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر حل ہوتا نظر آرہا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں بھی تعمیر وترقی کے دور کا جلد ہی آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جو عناصر عمران خان کے دورے کو ناکام قرار دے رہے ہیں انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے اور کامیابی حاصل کی۔ جلد ہی اس دورے کے ثمرات نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن جو اپنے ہی ملک میں اور اپنے ہی شہروں میں عوام کو جمع نہیں کر پارہی وزیر اعظم عمران خان نے امریکا کی ریاست واشنگٹن میں پاکستانیوں کو جمع کیا اور بھرپور جلسہ کرکے یہ ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ اس جلسے کے بعد مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور اب وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ کسی منتخب وزیر اعظم نے اتنے مختصر وقت میں امریکا میں پاکستان سمیت بین الاقوامی مسائل کو اُجاگر کیا ہے۔