حیدرآباد :بارش نے میونسپل کمیٹی کے دعوؤں کا پو ل کھول دیا

351

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں بارش کے بعد امریکن کوارٹر، حالی روڈ، پھلیلی پریٹ آباد کالونی، فردوس کالونی، گئو شالہ، سبزی منڈی سمیت بیشتر گنجان آباد نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع رہنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہے، بچے اسکول نہیں جاسکے اور خواتین بھی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی ہیں، دو روز قبل ہونے والی بارش کے باعث نظام زندگی تاحال متاثر ہے حیدر آباد، لطیف آباد اور قاسم آباد میں بجلی کی طویل بندش اور آنکھ مچولی کی وجہ سے پانی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے، پانی نہ ہونے سے روز مرہ کے کاموں کے سلسلے میں شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کئی مقامات پر بجلی اور پانی کی عدم فراہمی اور بارش کے پانی کی نکاسی نہ کیے جانے پر شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔ نیو وحدت کالونی، اولڈ وحدت کالونی، پیون کالونی، جی آر کالونی سمیت دیگر سرکاری کالونیاں بارش کے پانی میں تاحال ڈوبی ہوئی ہیں، سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہے، جس کیخلاف نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی کے صدر شاہد سومرو کی زیر قیادت احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر شاہد سومرو ودیگر نے کہاکہ مون سون بارش کے پہلے جھٹکے نے ہی بلڈنگ محکمہ حیدر آباد کے افسران کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ حیدر آباد کے نشیبی علاقے میں قائم سرکاری کالونیوں میں ناکارہ ڈرینج نظام اور عملے کی کوتاہی ہے۔