ڈگری اسپتال میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور سرجن کی سہولت موجود نہیں

161

ڈگری (نمائندہ جسارت) تعلقہ اسپتال ڈگری میں سندھ ہائی کورٹ کی حکم اور چیف سیکرٹری سندھ کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر میرپورخاص اقبال احمد میرانی نے کھلی کچہری منعقد کی، کھلی کچہری میں رکن سندھ اسمبلی میر طارق علی خان تالپور نے چیئرمین ٹاؤن کمیٹی ڈگری میر ذوالفقار علی خان تالپور، اسسٹنٹ کمشنر ڈگری نثار میمن، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انوارالدین کھتری ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالغفور تالپور، سول سرجن عبدالواحد خاصخیلی، آئی ایچ ایس کے ڈائریکٹر منیجر علی محمد مہراور اے ڈی ایچ ڈاکٹر گوبند رام و دیگر موجود تھے۔ کھلی کچہری میں صحافیوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی ۔ کھلی کچہری میں صحت کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے سندھ ہاری تحریک کے صدر انور نوحانی اور کونسلر عبد الطیف رند نے کہا کہ ڈگری اسپتال میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی ہے، سرجن کی سہولت موجود نہیں ہے عمارت خستہ ہوچکی ہے، ٹراما سینٹر کا اسٹاف موجود نہیں ہے، فنڈ کی کمی ہے ،گائنی سرجن بھی تعلقہ اسپتال میں موجود نہیں جبکہ یہ اسپتال میں ریکارڈ او پی ڈی ہے، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ انوارالدین کھتری نے کھلی کچہری میں اسپیشلسٹ ڈاکٹر کی کمی اور سرجن نہ ہونے کی شکایت کی جبکہ عمارت کی خستہ حالی کی تائید کی اور ساتھ ہی اسپتال کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ کھلی کچہری سے رکن سندھ اسمبلی میر طارق خان تالپور نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بجٹ تقریر میں ڈگری کے تعلقہ اسپتال کے لیے خصوصی فنڈ دینے کی سفارش کی ہے۔جبکہ اسپتال کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔ سرجن کی تعیناتی کے لیے صوبائی وزیر صحت سے درخواست کی ہے ، ڈائیلاسسز سینٹر کے لیے چار مشینیں منظور ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کر کے تعلقہ اسپتال کے مسائل پیش کریں گے اور ڈگری اسپتال کو اپ گریٹ کرنے کے لیے خصوصی فنڈ کی درخواست کروں گا۔ کھلی کچہری سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال خان میرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ اسپتال کے حوالے سے تمام مسائل کا جائزہ لیا ہے تعلقہ اسپتال میں آپریشنل مسائل زیادہ ہیں۔ عمارت خستہ حالی کا شکار ہے جس کی مرمت کی ضرورت ہے، اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ضرورت ہے تمام مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچاؤں گا جبکہ اسپتال کے مسائل پر مبنی مربوط رپورٹ آگے بھیجی جائے گی۔