حیدرآباد،حیسکو ٹاسک فورس کی نادہنگان کے خلاف کارروائیاں

178

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پر 73 ارب 87 کروڑ 36 لاکھ کے واجبات ہیں، جس میں وفاقی اداروں کے بجلی کنکشنوں پر 3 ارب 39 کروڑ 45 لاکھ، صوبائی اداروں پر 4 ارب 23 کروڑ 42 لاکھ اور نجی صارفین پر 66 ارب 24 کروڑ 49 لاکھ کے واجبات کی وصولی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پورے حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں خصوصی ٹاسک فورسز، S&I، M&T کی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ خصوصی ٹیمیں گھر گھر جاکر موقع پر بجلی کے میٹر چیک کرنے کے ساتھ واجبات کی وصولی بھی چیک کررہی ہیں اور بجلی چوروں کےخلاف موقع پر ہی کارروائی کی جارہی ہیں۔ حیسکو کمرشل ادارہ ہے جو بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے بغیر اپنا انتظام نہیں چلا سکتا۔ اس لیے جو بل ادا کرے گا، اس کو بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ نادہندگان اپنے واجبات کی آسان ادائیگی کے لیے کسٹمرز سروس سینٹر پر جاکر بجلی کے بلوں کی اقساط بنوا سکتے ہیں، مگر بل کی ادائیگی لازمی ہے۔ حیسکو چیف کی واضح ہدایات ہیں کہ بجلی چوری میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی چاہے وہ حیسکو ملازم ہی کیوں نہ ہو، اس کےخلاف کارروائی مکمل کرکے اس کو نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔ بجلی چوری کی روک تھام سے ہی حیسکو ترقی کرسکتا ہے۔