ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ تاحال معطل‘شہری پریشان

194

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ تاحال معطل، شہریوں کی رسائی مشکل ہوگئی،48گھنٹے گزر جا نے کے با وجودشہری ایم ڈی اے کی ویب سائٹس سے معلومات حاصل کرنے میں ناکام ہیں،شہری تحفظات کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، تیسر ٹاؤن اسکیم 45 میں ہونے والی قرعہ اندازی کی معلومات کے لیے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت تیسر ٹاؤن اسکیم 45 میں سستی رہائشی اسکیم کے حوالے سے گزشتہ روز ہونے والی قرعہ اندازی کے بارے میں عوام کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی تیسر ٹاؤن اسکیم45 کے بارے میں عوام کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ایم ڈی اے کی ویب سا ئٹ پر (اکاؤنٹ سسپنڈڈ) ’’یہ اکاؤنٹ معطل ہے‘‘ کا ٹائٹل آویزاں کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز19جولائی کو مقامی ہوٹل میں ہونے والی قرعہ اندازی کے بعد سے تاحال ویب سائٹ میں خرابی کی شکایت موصول ہو رہی ہیں۔اس حوالے سے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویب سائٹس کی اپ گریڈیشن اور عوام کا ٹر یفک زیادہ ہو نے کی وجہ سے عارضی تعطل پیدا ہوا ہے جو جلد دور ہو جائے گا۔