ٹنڈوالٰہیار ،سسرالیوں کے ہاتھوں 3 بچوں کی ماں قتل،شوہر گرفتار

164

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) حیدرآباد لطیف آباد نمبر 12 میں سرالیوں کے ہاتھوں تین بچوں کی ماں کا مبینہ قتل، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے لیا۔ ٹنڈوالہٰیار سعادات کالونی سے تعلق رکھنے والی مسمات سونیا شاہ کی شادی سات سال قبل حیدر آباد لطیف آباد نمبر 12 میں وقار شاہ نامی نوجوان سے ہوئی۔ مسمات سونیا اکثر اپنے والدین سے شوہر اور سسرالیوں کے تشدد کی شکایات کرتی، ساتھ ہی شوہر کے نشے کے عادی ہونے کی بھی شکایات سرفہرست تھی۔ شادی کے سات سال بعد گزشتہ رات مسمات سونیا کی مبینہ خودسوزی کی اطلاع والدین کو دی گئی، جس پر والدین فی الفور حیدرآباد پہنچے، جہاں انہیں بیٹی کی لاش ملی۔ سسرالیوں کے مطابق سونیہ نے خود گلے میں پھندا لگا کر زندگی کا خاتمہ کیا جبکہ والدین نے سسرالیوں پر بیٹی کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا۔ جس پر پولیس نے مبینہ طور پر قتل ہونے والی خاتون کے قتل کے الزام میں اس کے وقار نامی شوہر کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ بھٹائی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ نوجوان بیٹی کی لاش ٹنڈوالہیٰار سعادات کالونی پہنچنے پر صف ماتم بچھ گئی۔ تدفین آبائی قبرستان ناگا شاہ میں کی گئی۔ میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے مبینہ مقتولہ کی والدہ، والد اور رشتہ داروں نے بتایا کہ ہماری بیٹی آئے روز شوہر اور سسرالیوں کے تشدد کی شکایات کرتی تھی۔ انہوں نے حکومت، عدلیہ اور پولیس سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔