بلدیاتی ادارے بارش کے حوالے سے انتظامات کریں، عبدالجبار خان

273

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ مون سون کے آغاز کے ساتھ ہی بلدیاتی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ بارش کے حوالے سے انتظامات کریں اور خاص طورپر بلدیہ حیدرآباد نالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد شہر میں جگہ جگہ موجود کچرے کو صاف کرانے پر توجہ دیںجس کی وجہ سے حیدرآباد میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ وہ گڈز ناکہ ، تلاب نمبر3، مکھی باغ اور دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر وہاں جمع ہونے والے افراد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی اولین کوشش ہے کہ صوبے کے غریب عوام کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں اس کے لیے بلدیاتی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کیونکہ مون سون کا سیزن شروع ہوگیا ہے اس لیے فوری طورپر صحت وصفائی پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے وہ علاقے جہاں پانی کا بحران ہے اور کئی کئی روز پانی نہیںآتا اس حوالے سے ہم نے ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ذمے داران سے ملاقات کرکے انہیں یہ ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طورپر شہریوں کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے مختلف علاقوں میں پانی اور سیوریج کی نئی لائنیں بھی ڈالی جارہی ہیں جس کا کام جلد ہی مکمل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنا ہماری ذمے داری ہے جس طرح حلقہ پی ایس 64 کو عوام نے پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا ہمارا فرض ہے کہ ہم عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔