جیکب آباد پولیس کی زیادتیوں کیخلاف دیہاتیوں کا احتجاجی مظاہرہ

128

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد پولیس کی زیادتیوں کیخلاف دیہاتیوں کا احتجاجی مظاہرہ، پریس کلب کے سامنے دھرنا، سخت نعرے بازی۔ جیکب آباد کے قصبہ جمعہ ڈکھن کے رہائشی مولوی عبدالرحیم سومرو، حافظ محمد انور، حافظ کلیم اللہ، محمد امین، عبدالرشید، غلام یاسین اور دیگر نے ٹھل کی اے سیکشن پولیس کی زیادتیوں کیخلاف شہید اللہ بخش پارک سے احتجاجی جلوس نکال کر شہر کے راستوں پر مارچ کیا۔ پولیس کی زیادتی نامنظور، گھر پر چھاپے نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے پریس کلب پہنچے اور دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ مظاہرین نے کہا کہ ٹھل اے سیکشن تھانے کے ایس ایچ او نے ہمارے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرکے گھر پر چھاپے مارے ہیں، چادر اور چار دیواری کا تقدس پاما ل کیا ہے، ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے، ہمارے گائوں کے سراج احمد، منصور کو بلاجواز گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی تحقیقات کراکر مقدمہ ختم کرکے انصاف کیا جائے اور ہمیں پولیس زیادتیوں سے نجات دلا کر تحفظ دیا جائے بصورت دیگر ڈی آئی جی آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔