پی آئی اے نے 2سال بعد 2017کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

198

کراچی( نمائندہ جسارت) پی آئی اے نے 2 سال کی تاخیر سے مالیاتی نتائج برائے سال 2017ء کا علان کردیا۔ اس دوران پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جمعرات کو پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں ہوا جس میں مالی سال 2017ء کے حسابات کی منظوری دی گئی۔حسابات کے مطابق سال 2016ء میں خسارہ 44.7 ارب روپے تھا جو 2017ء میں3 ارب روپے کے اضافے سے 47.7 ارب روپے رہا۔سال 2017
میں ایکسچینج خسارہ 2.2 ارب روپے رہا۔ لیکن اسی سال یعنی 2017 میں پی آئی اے کی آمدنی میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔اس طرح قومی فضائی کمپنی کا سالانا ریونیو بڑھ کر 104 ارب روپے پر پہنچ گیا۔ سال 2017 میں ایندھن اخراجات میں تقریباً 4ارب روپے کا اضافہ ہو ا اور ایندھن کی مد میں اخراجات 27 ارب سے بڑھ کر 31 ارب روپے ہوگئے۔ پی آئی اے نے مالیاتی نتائج اسٹاک ایکسچینج کو بھیج دیے ہیں ۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نے مالیاتی نتائج کا اعلان دو سال تاخیر سے کیا ہے اور سال 2017 کی رپورٹ 2019 میں جاری کی گئی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے یہ تاخیر پی آئی اے میں کمپیوٹر سسٹم کے نئے سافٹ وئیر ERP پر تبدیلی کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مالی سال 2018 کے حسابات پر کام جاری ہے اور 2018 کے حسابات رواں سال ہی جاری کر دیے جائیں گے۔