سیاسی مداخلت سے شکارپور تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، صدر الدین مہر

209

شکارپور (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی چیئرمین عقیل عباس سومرو کی جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ دفتر جماعت اسلامی میں ملاقات، جماعت اسلامی کے امیر شہر مولانا صدر الدین مہر، ایڈووکیٹ عبدالقادر ابڑو، عبدالفتاح سھندڑو، ایڈووکیٹ علی اصغر پھوڑ، وسیم احمد شیخ، مولانا صبغت اللہ بروہی اور ابو عزیر بروہی نے کہا کہ شکارپور ماضی میں بہت شاندار تھا اب بہت سارے مسائل میں گھرا ہوا ہے، پچھلے کچھ سال سے شہر کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، سیاسی مداخلت سے شہر کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، ہمیں امید ہے آپ شہر کے لیے کچھ نہ کچھ کریں گے اور جماعت اسلامی کا آپ سے ہر موڑ پر تعاون ہوگا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا حق ہے، چیئرمین میونسپل کمیٹی ایڈووکیٹ عقیل عباس کو 15 نقاطی تجاویز پیش کیں جس میں ڈرینج اور سیم نالوں کی صفائی، شہر میں موجود پمپنگ اسٹیشن کے کنوئوں کی مرمت کروائی، شہر کے باہر گندے پانی کے تالابوں سے قبضہ ختم، کچی آبادی میں ڈرینج کو پختہ اور گلیوں میں بلاک لگوائے جائیں، شہر کی آب و ہوا کو بہتر بنانے کے لیے پودے لگائے جائیں۔ میونسپل کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے اور ہر ماہ پابندی کے ساتھ تنخواہیں دی جائیں۔ شہر سے غیر قانونی قبضے ختم کروائے جائیں۔ روڈ اور گلیوں میں موجود بجلی اور ٹیلیفوں کے کھمبوں کو مناسب جگہوں پر لگوایا جائے تاکہ کھمبوں کی آڑ میں تجاوزات نہ ہوسکیں۔ شہر کی اسٹریٹ لائٹ بحال کی جائیں۔ گلی، روڈ اور فٹ پاتھوں پر کھلے ہوئے گٹروں کو ڈکھن لگائے جائیں، نوجوانوں کے لیے میونسپل کی جانب سے پبلک لائبریری قائم کی جائے۔ اس موقع پر عقیل عباس سومرو نے کہاکہ ہم جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہر وقت بہتری کی جانب قدم اٹھایا ہے۔ شہر کی بہتری کے لیے مجھ سے جو ہوسکا میں کروں گا۔ اس موقع پر کونسلر عبدالرحمن شر، شمشاد میمن، اسلم سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی جانب سے چیئرمین میونسپل کمیٹی ایڈووکیٹ عقیل عباس سومرو کو مولانا موددی کی کتب تحفے کے طور پر دیں۔