شادی لارج ہائی اسکول کا تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا

197

شادی لارج (نمائندہ جسارت) شادی لارج ہائی اسکول کا تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، چار سو بچوں کے لیے صرف دو استاد، شہریوں کی جانب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ گورنمنٹ ہائی اسکول شادی لارج کا تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔ چار سو بچوں کا مستقبل دائو پر لگ گیا، اسکول میں صرف دو استاد ہیں۔ شادی لارج کے شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اسکول میں گزشتہ دو سال سے استاد نہیں ہیں، بار بار ای ڈی او تعلیم بدین اور ڈی سی بدین کو آگاہ کیا ہے لیکن نوٹس نہیں لیا گیا، اسکول میں بنیادی سہولتوں کا بھی فقدان ہے، اسکول میں فرنیچر اور پینے کے لیے پانی ناپید، عمارت بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ غریب کے بچے سرکاری اسکولوں کا کرتے ہیں جبکہ اشرافیہ کے بچے مہنگے پرائیویٹ اسکولوں میں پڑھتے ہیں، اس لیے اس اسکول کی تباہی پر کوئی آواز نہیں اٹھاتا اور غریبوں کے بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔ شہریوں محمد شریف آرائیں، علی خان رند، منظور لغاری ودیگر نے صوبائی وزیر تعلیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔