حکومت بے گھر ہونے والوں کو چھت فراہم کرے، عبدالقیوم شیخ

150

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالقیوم شیخ نے اپنے بیان میں وزیراعظم اور وفاقی وزیر شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے زمین پر قابض افراد کو بے گھر کرنے سے قبل ان کے نام نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر رجسٹریشن کی جائے تاکہ ان کے نام بے گھروں کی فہرست میں شامل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لسانی صوبہ سندھ کے شہری صوبائی حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ بے گھر ہونے والوں کو چھت فراہم کرے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومت مشترکہ اقدامات کرے، بے گھروں کو گھر فراہم کیے جائیں کیونکہ بے گھروں کا پہلا حق متاثرین کا تسلیم کیا جائے۔ کراچی، حیدرآباد سمیت کوئی متاثر آئینی حق سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ متاثرین کے نام بے گھروں کی فہرست میں شامل کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں۔