ٹنڈوالہٰیار پولیس کی کارروائی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار

142

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) پولیس نے ٹنڈوالہٰیار سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں ایک درجن سے زائد سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث اشتہاری، روپوش ملزم کو مقابلے کے بعد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار رخسار احمد کھاوڑ نے ڈی ایس پی سی آئی اے ٹنڈوالہٰیار انور حسین شاہ، اے ٹی ایف انچارج شمس الدین کھوکھر، سی آئی اے ون کے انچارج مظہر مہدی، ایس ایچ او نصرپور عمران اختر چانڈیو، ایس ایچ او ٹنڈوالہٰیار افضل مگسی ودیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز گشت کے دوران نصرپور سے ٹنڈو سومرو روڈ پر قائم جروار شاخ پر نامعلوم مسلح افراد کسی واردات کی نیت سے کھڑے تھے، جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ پر مسلح افراد فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس نے ان کا گھیرا تنگ کرکے ملزم علی شیر کھوکھر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، لوٹی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ اس کے 2 ساتھی برابر میں موجود کھیتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت سلیمان لوند اور اختر لوند کے ناموں سے کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والا ملزم علی شیر کھوکھر عمر کوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار میں قتل، ڈکیتی ودیگر جرائم کی وارداتوں میں اشتہاری اور روپوش ہے جبکہ ملزم علی شیر کھوکھر ٹنڈوالہٰیار سمیت سندھ کے کئی اضلاع و شہروں میں پولیس کو مختلف سنگین قتل، ڈکیتی ودیگر جرائم کی ایک درجن سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والا اشتہاری اور روپوش ملزم علی شیر کھوکھر مختلف ضلع کے جرائم پیشہ افراد کو اپنے گروہ میں شامل کرکے ٹنڈوالہٰیار سمیت مختلف شہروں میں ڈکیتی، لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ گزشتہ دنوں ٹنڈو سومرو میں گھنیشو بھیل کے گھر میں اسلحے کے زور پر داخل ہوئے تھے اور انہوں نے اسلحے کے زور پر انہیں یرغمال بناکر انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے مذکورہ سی ڈی 70 موٹر سائیکل ودیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، ان کے قبضے سے مذکورہ موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔ ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار نے مزید بتایا کہ ملزم علی شیر کھوکھر سے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور ملزمان نے جو وارداتیں کی ہیں ان کو بہت جلد سامنے اور مسروقہ سامان برآمد کیا جائے گا، دیگر ملزمان کو بھی بہت جلد گرفتار کریں گے۔