نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے سیوریج کی لائنز کی تنصیب کا کام جاری ہے،میئر سکھر

322

سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے لیے شکارپور روڈ، پرانا سکھر کے علاقوں تانگہ اسٹینڈ، قریشی روڈ، رائل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کی نئی پائپ لائن کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام کام معیار کے مطابق اور اپنے مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے، سیوریج کا کام کافی مشکل ہوتا ہے، اس لیے تمام تکنیکی امور کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔ سیوریج کی نئی لائن کشش ثقل (گریوٹی) کی بنیاد پر بچھائی جارہی ہیں تاکہ مستقبل میں نکاسی آب کے حوالے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہمیں اس بات کا بھی مکمل ادراک ہے کہ شہریوں کو ترقیاتی کاموں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے مگر ترقیاتی کام مکمل ہونے اور سیوریج کی نئی لائن کی تنصیب سے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوجائے گا اور اس حوالے سے چند ماہ میں مکینوں کو خوشخبری بھی دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار میئر سکھر نے پرانا سکھر کے ماتمی جلوس کے پرمٹ ہولڈر سید گلزار شاہ اور سید کاظم علی شاہ کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سید مشتاق شاہ، سید قاضی شاہ، سید مصرور شاہ، ناصر حسین شاہ موسوی، مولوی معراج، سید کلیم شاہ، سید وجاہت شاہ، سید عون حیدر شاہ شامل تھے جبکہ اس موقع پر میونسپل کمشنر پیر واحد بخش، ایکسیئن سہیل میمن، بلدیہ افسران پیر عطا الرحمن خان، عابد علی انصاری، جاوید اختر، فیاض میمن اور خالد جتوئی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران میئر سے ملاقات کے لیے آنے والے وفد نے گزشتہ سال محرم الحرام میں سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے لگائی گئی خوبصورت سبیلوں، ماڈلز کی تنصیب اور بہترین انتظامات کرنے پر میئر سکھر کو خراج تحسین پیش کیا اور پرانا سکھر سے 5 محرم الحرام کو نکالے جانے والے قدیمی ماتمی جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری، نکاسی آب کے نظام کی درستگی، سڑکوں کی مرمت، تنصیب شدہ اسٹریٹ لائٹس کے کنکشنز کی بحالی اور یکم محرم الحرام سے 13 محرم الحرام تک روزانہ کی بنیاد پر پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے وفد کو بتایا کہ سیوریج کی لائنز کی تنصیب کا کام جاری ہے، جس کی وجہ سے فوری طور پر سڑک کا تعمیراتی کام نہیں کرایا جاسکتا اس میں کچھ وقت لگے گا البتہ عارضی بندوبست کرلیا جائے گا جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے میں ایکسیئن واپڈا کے ہمراہ اتوار کے روز ماتمی جلوس کی گزرگاہوں کا دورہ کروں گا اور جن مسائل کی نشاندہی کی جائے گی ان کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔