میرپورخاص،سندھ فوڈ اتھارٹی کا اچار فیکٹری پر چھاپا ناقص مال ضائع

287

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سندھ فوڈ اتھارٹی کی دوسرے روز بھی میرپورخاص میں کارروائیاں جاری، ایک آئل اینڈ کاٹن فیکٹری کو سیل کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دوسری فیکٹری پر بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، اچار بنانے والی فیکٹری پر بھی کارروائی تیار شدہ اچار ضائع کرکے 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز علی ابڑو نے دربار ہال میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے انڈسٹریل ایریا میں وی ایم آئل اینڈ کاٹن فیکٹری اور شاہین آئل اینڈ کاٹن فیکٹری پر کارروائی کی، جہاں غیر معیاری سامان اور حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف آئل تیار کیا جا رہا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے شاہین آئل مل کو سیل کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دوسری وی ایم آئل مل پر بھی ایک لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا جبکہ ٹیم نے اسی علاقے میں موجود مشتاق اچار فیکٹری پر کارروائی کی، جہاں کھلے میدان میں بڑے بڑے گڑھے کھود کر اس میں بڑی مقدار میں غیر معیاری تیار اچار موجود تھا، جسے فوری طور پر ضائع کیا گیا اور اس فیکٹری کے مالک پر 25 ہزار روپے جرمانہ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی سندھ بھر میں کھانے پینے کی اشیاء بنانے والی فیکٹریوں، ہوٹلوں، مٹھائی کی دکانوں اور دیگر جگہوں پر جا کر اشیا کی چیکنگ کر تی ہے تاکہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت اب تک کسی بھی شہر کے ہوٹلوں یا کسی بھی دکان کے مالک نے اب تک سندھ فوڈ اتھارٹی سے لائسنس حاصل نہیں کیا ہے کیونکہ ہماری جو شرائط ہیں وہ بہت سخت ہیں اور جو اس پر عمل کرے گا لائسنس اسی کو دیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب سندھ فوڈ اتھارٹی کا ادارہ میرپورخاص میں بھی قائم ہوچکا اور اب شہری ہم سے رابطہ کرکے شکایت کرسکتے ہیں اور ہم شہریوں کی شکایات پر فوری طور پر عمل کرکے کارروائی عمل میں لائیں گے اور آج کی جو کارروائیاں کی گئی ہیں یہ بھی عوامی شکایات پر عمل میں آئی ہیں اس موقع پر سمیرا حسین اورڈاکٹر بنش بھی موجود تھیں۔