افرادی قوت کی کمی سے محخکمہ توانائی اور ریلوے میں حادثات بڑھ رہے ہیں،خورشید احمد

145

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مفاد عامہ کے اداروں کی نجکاری برداشت نہیں کی جائیگی، ملک کے غریب محنت کشوں پر آئی ایم ایف کا پیش کردہ عوام دشمن بجٹ کی مذمت کرتے ہیں۔ اداروں میں افرادی قوت کی کمی کے باعث محکمہ بجلی اور ریلوے میں مسلسل حادثات بڑھ رہے ہیں۔ ملازمین کی بھرتیاں نہیں کی جارہی ہیں ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ملازمین 6 سال سے زائد عرصے سے مستقل ہونے کے منتظر ہیں۔ ملازمین کی ترقیاں، رہائشی سہولیات، گاڑیوں کی فراہمی، دفاتر کے ماحول اور ٹریننگ سینٹر کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے ، کوٹری، لاکھڑاپاور ہائوسز کو ایندھن فراہم کرکے سستی بجلی پیدا کی جائے ملازمین کے بچوں کی بھرتیاں 20 فیصد کوٹے کے مطابق کی جائیں ہمیں آئندہ ہونے والے ریفرنڈم کی تیاری بھی شروع کرنا ہوگی ۔ اسکے لیے اپنے اندر یکجہتی کو پروان چڑھانا ہوگا اور اپنے اندر اتحاد، محنت ، محبتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (CBA) کے مزدور رہنما مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے بطور مہمان خصوصی مقامی ہال میں ’’لیبر کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی کررہے تھے۔ لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کا محنت کش سخت اذیت اور تکلیف میں ہے ایک جانب آئی ایم ایف کے ایما پر پیش کردہ ملک اور مزدور دشمن بجٹ کے باعث مہنگائی سے براہ راست متاثرہے تو دوسری جانب انکی اجرتیں نہیں بڑھائی گئیں۔ کنٹریکٹ ، ڈیلی ویجز ملازمین عرصہ 6 سال سے مستقل نہیں ہوئے وہ پرانی اور انتہائی کم تنخواہوں پر کام کرنے پر نہ صرف مجبور ہیں بلکہ کئی ملازمین اس دوران شہید اور معذور ہوچکے ہیں اور انکی داد رسی بھی ممکن نہ ہوسکی ادارے میں اسٹاف کی انتہائی قلت ہوچکی ہے ایک آدمی سے 10آدمیوں کا کام لیا جارہا ہے جو حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ کانفرنس میں حافظ عبدالکریم، عبدالوحید پٹھان، اسد اللہ، سراج بیگ، فرید خان، رائو ریحان احمد، اکرم خان، صفدر صدیقی، ملک روشن ، ارشد تقوی، نوید عباسی ، اشرف انصاری ، عبدالقدوس، مجاہد علی، مہر اللہ، ارشد شیخ، قمر الدین شمس، اسلم میمن، خالد قائمخانی وغیرہ موجود تھے۔