تاجروں کی ہڑتال اور احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں، لیاقت بلوچ

158

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہم تاجروں صنعتکاروں کی ہڑتال اور احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،گونگے بہرے بے حس حکمرانوں نے احتجاج کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں چھوڑا۔ ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر وزیر اعظم عمران خان نے بالکل الٹ اور متصادم راستہ اختیارکرتے ہوئے بدتہذیبی ،بدکلامی ،شعائر اسلام اور پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ایران ،سعودی
عرب تنازع میں امریکی مفادات اور سازشیں کارفرما ہیں ۔پاکستان کے لیے سعودی عرب اور ایران بے پناہ اہمیت رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف مکتبہ فکر کے علما کرام کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایران ،سعودی عرب تنازع میں امریکی مفادات اور سازشیں کارفرما ہیں ۔عالم اسلام اپنی تنازعات کی الجھی صورتحال میں کوئی کردار ادا کرنے سے قاصر ہے ۔ پاکستان کے لیے سعودی عرب اور ایران بے پناہ اہمیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا فریق یورپی یونین ہی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے اور ایسا فارمولہ طے ہو جس سے دونوں کے لیے قبولیت پیدا ہو اور مذاکرات کی راہ ہموار ہو ورنہ پورا خطہ بڑی تباہی کا شکار ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر وزیر اعظم عمران خان نے بالکل الٹ اور متصادم راستہ اختیارکرتے ہوئے بدتہذیبی ،بدکلامی ، شعائر اسلام اور پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔سودی قرضوں ،کرپشن اور کشکول کے ذریعے اقتصادی حالات ابتر کردیے ہیں۔ پارلیمنٹ اور اسمبلیاں فساد اور غیر ذمے دار اعمال کا اکھاڑا بن گئی ہیں ۔ان حالات میں سنجیدہ ،معتدل اور محبان اسلام و پاکستان کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔اسی مقصد کے لیے ملی یکجہتی کونسل نے تحریک ریاست مدینہ منظم کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کو توسیع فنڈ سہولت کی اسکیم میں 6 ارب ڈالر کا سودی قرض کی منظوری دی گئی ہے اور آئندہ 39 ماہ میں یہ رقم قطرہ قطرہ کرکے پاکستان کو ملے گی۔حکومت نے ٹیکس جمع کرنے کے لیے غیر حقیقت پسندانہ ہدف طے کیا ہے ۔ٹیکسوں کی بھرمار ،حکومتی غیر ذمے دارانہ پالیسیوں سے خوف کی فضا پیدا کرنے کے اقدام قومی معیشت کو مفلوج کرچکے ہیں ۔مہنگائی ،بے روز گاری ،صنعتوں کا پہیہ جام ،تجارتی سرگرمیاں احتجاج کی نذر ،یہ آئی ایم ایف کی بدترین شرائط کا نتیجہ ہے،جماعت اسلامی کے عوامی مارچ کامیاب ہیں ۔ہم تاجروں صنعتکاروں کی ہڑتال اور احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،گونگے بہرے بے حس حکمرانوں نے احتجاج کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں چھوڑا۔
لیاقت بلوچ