جیکب آباد:دیرینہ تنازع پر باپ بیٹا قتل ،شہر میں شٹر بند ہڑتال

198

جیکب آباد، لاڑکانہ، میرپورخاص (نمائندگان جسارت) جیکب آباد میں مختلف واقعات میں تین افراد قتل، مسلح افراد کی فائرنگ سے دکاندار قتل، دیرینہ تنازع پر مسلح افراد نے نیند میں سوئے باپ بیٹے کو قتل کردیا، ٹھل میں لاش سمیت دھرنا، شٹر بند ہڑتال، احتجاج میں ایم پی اے اور چیئرمین بلدیہ کی شرکت۔ جیکب آباد میں دو مختلف واقعات میں تین افراد کو قتل کر دیا گیا، جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کر رہبر چوک پر گزشتہ شب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مٹھائی فروش دکاندار قائم الدین سرکی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔ واقعہ کیخلاف ورثا نے لاش سمیت رہبر چوک پر دھرنا دیا۔ احتجاج میں ایم پی اے ڈاکٹر سہراب سرکی، سردار ذوالفقار سرکی، چیئرمین بلدیہ بیرسٹر زوہیب سرکی اور دیگر نے شرکت کی۔ مظاہرین نے واقعہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی، احتجاج چار گھنٹے تک جاری رہا، قتل کیخلاف ٹھل شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی۔ ڈی ایس پی ٹھل نے پہنچ کر مظاہرین سے مذکرات کیے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔ دوسری جانب آباد تھانے کی حدود میں واقعہ قصبہ آدم خان پنہور میں دیرینہ تنازع پر مسلح افراد نے گھر میں گھس کر نیند میں سوئے ہوئے باپ بیٹے خادم حسین اور راجا منگنھار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ واقعہ کیخلاف ورثا نے لاش قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دے کر سخت احتجاج کیا، جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ سابق رکن سندھ اسمبلی میر زیب خان پنہور اور ایس ایچ او یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا گیا۔ لاڑکانہ میں دو بھائیوں کے جھگڑے نے والدہ کی جان لے لی جھگڑے کے دوران چھڑواتے ہوئے گولی لگنے سے زخمی ہونے والی والدہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ دس روز قبل لاڑکانہ کے عاقل تھانہ کی حدود سہیل کالونی کے رہائشی دو بھائی آصف اور امیر بھٹو میں گھریلو تنازع پر جھگڑا ہوگیا جس کے دوران طیش میں آکر آصف بھٹو نے مبینہ طور پر بھائی امیر بھٹو پر فائرنگ کی لیکن آصف بھٹو کی اپنی اہلیہ ناہید بھٹو اور والدہ زیب النسا گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگئیں تھیں، دس روز تک چانڈکا سول اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زیب النسا جاں بحق ہوگئیں جبکہ ناہید بھٹو کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس نے ملزم آصف بھٹو کو گرفتار کر لیا تھا، ملزم اس وقت پولیس کی زیر حراست ہے، جاں بحق والدہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی ہے۔ لاڑکانہ پولیس نے مختلف مقامات پر سرچ و کومبنگ آپریشن کے دوران سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری، روپوش و مطلوب 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔ باڈہ پولیس نے دوران چیکنگ مطلوب ملزم مظہر کاندہڑو کو پستول اور گولیوں سمیت، اللہ آباد پولیس نے دوران چیکنگ ریلوے ٹریک کے قریب ملزم پناہ شر کو ڈھائی کلو گرام چرس سمیت، نوڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ ڈکیتی کے مقدمے میں اشتہاری ملزم بہرام ناریجو، کیٹی ممتاز پولیس نے دوران چیکنگ قتل کے مقدمے میں اشتہاری ملزم رانجھن عرف رانجھو ناریجو، رتوڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ روپوش ملزم تنویر جلبانی، عاقل پولیس نے قتل کے مقدمے میں اشتہاری ملزم فضل جتوئی، جبکہ رشید وگن پولیس نے دوران چیکنگ روپوش ملزم محمد گوپانگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ میرپور خاص پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی، دیسی شراب برآمد، ملزمان گرفتار۔ ایس ایس پی جاوید بلوچ کی ہدایت پر سیٹلائٹ ٹائون پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مرحبا لان کے قریب منشیات فروش الیاس مسیح کو گرفتار کر کے قبضے سے دس لیٹر دیسی شراب برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔