ڈاکٹر ابراہیم جتوئی کی جانب سے اساتذہ کو موٹر سائیکل دینے کے اعلان کی تعریف

249

شکارپور (نمائندہ جسارت) سابق ایم این اے ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی کی جانب سے تحصیل خانپور کے بند اسکولوں کو کھوالنے کی کوششوں کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نذیر احمد دایو نے خانپور کے تعلقہ ایجوکیشن آفیسر کو طلب کرکے بند اسکولوں میں اساتذہ کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نذیر احمد دایو نے ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی کی جانب سے اساتذہ کو موٹر سائیکل دینے کے اعلان کی تعریف کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بند اسکولوں کو کھوالنے کے لیے علاقہ مکینوں کا تعاون بھی ضروری ہے، جس کے بعد تعلیم میں بہتری آسکتی ہے۔ دوسری جانب جتوئی ہائوس شکارپور کے ترجمان علی حسن جتوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل خانپور کی تعلیم بالکل تباہ ہوچکی ہے۔ جس کے باعث علاقے میں سماجی برائیاں بڑھ گئی ہیں۔ ہم ایسی برائی کو روکنے کے لیے تعلیم بڑھا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو موٹرسائیکل، روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول اور کھانے پینے کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ جس سے اساتذہ وقت پر اسکول آئے اور تعلیم میں مزید بہتری آسکے۔ علی حسن جتوئی نے مزید کہا کہ ہم تحصیل خانپور کے یونین رہنمائوں سے بھی ملاقات کررہے ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی کی جانب سے اس علان کے بعد اساتذہ اور علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جبکہ اس اقدام کی شکارپور کی سیاسی، سماجی رہنمائوں نے بھی تعریف کی ہے۔